فرنٹیئرکالونی میں ڈکیتی ، مرکزی سہولت کار رشتہ دار نکلا،دو ملزمان گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)فرنٹیئر کالونی میں گھر میں ڈکیتی کی واردات میں ملوث دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق 9 فروری کو عالم خان نامی شہری کے گھر میں ڈکیتی ہوئی جہاں اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 25 لاکھ روپے نقد اور 5 تولہ سونا لوٹ لیا گیا تھا۔واقعے کا مقدمہ تھانہ پیرآباد میں درج کیا گیا۔ ایس ایچ او پیرآباد نے خفیہ اطلاع پر بنارس کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے محمد حسیب ولد حیات خان اور اسماعیل ولد عبدالظاہر کو گرفتار کیا ۔پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی پستول ، 6 لاکھ 25 ہزار روپے نقد اور دو مصنوعی بالیاں برآمد ہوئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں متاثرہ شہری کا سالا بھی شامل ہے جس نے منصوبہ بندی کی اور گھر کا دروازہ کھول کر ساتھیوں کو اندر داخل کیا۔