رمضان کیلئے ٹریفک پلان، افطار سے قبل واٹر ٹینکرز پر پابندی
اہم شاہراہوں پر اضافی نفری تعینات، بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسیڈبل پارکنگ پر زنجیر لگے گی،ای چالان جاری کیے جائیں گے ،ڈی آئی جی ٹریفک
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو بہتر سفری سہولت فراہم کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان تیار کر لیا گیا ہے ۔ ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق افطار کے اوقات میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے روزانہ شام 4 بجے سے ساڑھے 6 بجے تک واٹر ٹینکرز کی آمدورفت پر مکمل پابندی عائد رہے گی جب کہ فٹ پاتھ ،غیر قانونی پارکنگ، ریڑھیوں اور رکشوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے ، افطار کے وقت موثر ڈیوٹی پلان سے عوام کو بروقت گھروں تک پہنچانے کو یقینی بنایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اہم شاہراہوں، چوراہوں، انٹرسیکشنز پر خصوصی نفری تعینات ہو گی، ایس ایس پیز فیلڈ میں اور ڈی ایس پیز کنٹرول روم سے نگرانی کریں گے ۔ڈی آئی جی نے کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں ،موٹر سائیکلوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہوگی، چنگچی کے 26ممنوعہ روٹس ،رمضان میں مارکیٹوں میں رکشوں کے داخلے پرپابندی ہوگی جب کہ ڈبل اور ٹرپل پارکنگ میں کھڑی موٹر سائیکل کے وہیل کو زنجیر لگائی جائے گی ۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے مزیدبتایا کہ ای چالان جاری کرنے کے بعد موٹرسائیکل سے زنجیر ہٹائی جائے گی، ایس او ،ڈی ایس پی کوجدید ٹیبلٹس فراہم کئے جا رہے ہیں، ای چالان جاری کیے جائیں گے۔