قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، کامران ٹیسوری
پاکستان کی درگزر اور افہام و تفہیم کی پالیسی کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے مادرِ وطن کے دفاع کے وقت کسی مصلحت کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا
کراچی (این این آئی)گورنر ہاؤس کراچی میں ’’امیدِ رمضان‘‘ کے تحت رمضان المبارک کے موقع پر پانچویں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اسلام آباد سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب میں کہا کہ افغان حکومت بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو فوری طور پر پاکستان کے حوالے کرے اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے ، تاہم دفاعِ وطن کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کو تیار ہے ۔قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی درگزر اور افہام و تفہیم کی پالیسی کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے ۔
ایک جانب بھارت بلوچستان میں مداخلت کر رہا ہے اور دوسری جانب افغانستان کی سرزمین سے دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ہماری ریڈ لائن ہیں اور مادرِ وطن کے دفاع کے وقت کسی مصلحت کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔گورنر سندھ نے سماجی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی بہت سے شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ کسی کے پاس چھت نہیں، کوئی معذوری یا بے روزگاری کا شکار ہے ، جبکہ کئی علاقوں میں پانی، بجلی اور گیس جیسی بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں۔ روزگار کی فراہمی، مفت علاج اور معیاری تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔