عالمی طاقتوں کا دہرا معیار سوالیہ نشان ،ثروت اعجاز
امریکہ، اسرائیل اوربھارت کی پالیسیوں سے عالمی امن کو شدیدخطرات فلسطین میں مظالم ، خطے میں جارحیت پر نوٹس لیا جائے ، چیئرمین سنی تحریک
کراچی(این این آئی)چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر ثروت اعجاز قادری نے امریکہ، اسرائیل اور بھارت کی جانب سے مسلم ممالک کے خلاف جاری سازشوں اور جارحانہ پالیسیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوتیں خطے اور دنیا کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں،عالمی طاقتوں کی جانب سے د ہرے معیار اپنانا نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے بین الاقوامی نظام پر بھی سوالیہ نشان کھڑا ہو رہا ہے ۔اپنے بیان میں ثروت اعجاز کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کا بڑھتا ہوا جنگی جنون اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ طاقت کے بل بوتے پر دنیا کو کنٹرول کرنا چاہتا ہے ،مگر تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ طاقت کا بے جا استعمال ہمیشہ تباہی کا باعث بنتا ہے ، اگر امریکہ نے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی تو یہ روش خود اس کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
دنیا اب بدل چکی ہے اور عالمی برادری یکطرفہ فیصلوں کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ،اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام پر مظالم اور بھارت کی طرف سے خطے میں بڑھتی جارحیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ قوتیں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہیں۔انہوں نے عالمی اداروں سے مطالبہ کہ وہ ان مظالم کا نوٹس لیں ۔ مرکزی صدر علامہ بلال عباس نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے کیے جانے والے دعوے اب محض نعرے بن کر رہ گئے ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ امریکی پالیسیاں دنیا میں بدامنی، انتشار اور عدم استحکام کو فروغ دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر اب ان دعووں کی حقیقت کھل کر سامنے آ چکی ہے اور دنیا کے باشعور حلقے ان پالیسیوں کو مسترد کر رہے ہیں۔بلال عباس قادری نے مزید کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ دنیا میں انصاف اور مساوات کی بنیاد پر فیصلے کیے جائیں تاکہ پائیدار امن قائم ہو سکے۔