کراچی ائیرپو رٹ پر 2 مسافروں کی جعلی اسناد پر قبرص جانے کی کوشش ناکام
کراچی(آئی این پی ) ایف آئی اے امیگریشن حکام نے جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دو مسافروں کی جعلی تعلیمی اسناد پر شمالی قبرص جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انہیں آف لوڈ کر دیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ مسافر مہران انجم اور جہانزیب طور سکنہ گوجرانوالہ کو روکا گیا،دونوں مسافر نارتھ سائپرس کیلئے سفر کر رہے تھے ،دونوں نے میٹرک، انٹر اور بی بی اے کی اسناد پیش کیں۔ جعلی اسناد پر آئی بی سی سی، ایچ ای سی اور وزارت خارجہ کی تصدیق موجود تھی،جانچ کے دوران دستاویزات مشکوک پائی گئیں،دورانِ تفتیش دونوں مسافر تعلیمی ریکارڈ ثابت نہ کر سکے ،دونوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے کبھی تعلیم حاصل نہیں کی۔ ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ جعلی اسناد ایجنٹ عائشہ رحمان کے ذریعے تیار کروائی گئیں،ایجنٹ کو 25 لاکھ روپے ادا کیے گئے۔