سائٹ ایریا کی فیکٹری میں آتشزدگی ، 2گودام مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئے
کراچی (این این آئی)سائٹ ایریا میں واقع فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 2گودام پر مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیماڑی امیر فضل اویسی کے مطابق کراچی کے سائٹ ایریا میں ارشاد بخاری روڈ پر پلاٹ نمبر B-19/D پر قائم ایک فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
آگ فیکٹری کے احاطے میں موجود رائل کیبلز نامی گودام سے شروع ہوئی، جس پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں ۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق کسی شخص کے اندر پھنسے ہونے کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ آگ پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔انتظامیہ کے مطابق پلاٹ نمبر 19/D سائٹ پر موجود دو گودام مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئے ۔ڈی سی کیماڑی امیر فضل نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔