اسکول وینز کو پٹرول سبسڈی میں شامل کرنے کامطالبہ

اسکول وینز کو پٹرول سبسڈی میں شامل کرنے کامطالبہ

طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،سید طارق شاہشعبہ تعلیم نظر انداز کرنا کسی صورت قبول نہیں،چیئرمین آل پرائیویٹ اسکولز

کراچی(این این آئی) چیئرمین آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سندھ اور جنرل سیکرٹری پاکستان الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سید طارق شاہ نے حالیہ پٹرول کی قیمت میں 137 روپے اضافے کے بعد حکومتِ پاکستان کی جانب سے دی گئی سبسڈی کے فیصلے کو ایک مثبت قدم قرار دیا ہے اور اسے عوامی ریلیف کی جانب اہم پیش رفت کہا ہے ۔بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ سبسڈی صرف موٹر سائیکل سواروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں تک محدود رکھی گئی ہے ، جبکہ اسکول وینز کو اس میں شامل نہیں کیا گیا، جو لاکھوں طلبہ کی روزانہ تعلیمی رسائی کا بنیادی ذریعہ ہیں۔

سید طارق شاہ نے کہا کہ اسکول ٹرانسپورٹ کسی بھی طرح عیش و آرام کی سہولت نہیں بلکہ ایک بنیادی ضرورت ہے ، جو براہِ راست تعلیم کے تسلسل سے جڑی ہوئی ہے ۔ اسکول وینز کو سبسڈی میں شامل نہ کرنے کے باعث طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔انہوں نے حکومتِ پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ اسکول وینز کو بھی فوری طور پر اس سبسڈی میں شامل کیا جائے تاکہ تعلیم کا سلسلہ بلا رکاوٹ جاری رہ سکے اور والدین پر اضافی مالی بوجھ کم ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر کی تمام نجی اسکول ایسوسی ایشنز اس مطالبے پر متفق ہیں، تاہم تعلیم جیسے اہم شعبے کو نظر انداز کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں