ذوالفقار علی بھٹو کی برسی آج لاڑکانہ میں منائی جائیگی، جمیل سومرو
صبح قرآن خوانی ہوگی، گڑھی خدابخش بھٹو دنیا کی جمہوریت کا قبرستان، ایم پی اےلہر ہاؤس میں اجلاس، ترقیاتی کاموں پربریفنگ لی، کام وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت
لاڑکانہ(بیورورپورٹ)ایم پی اے جمیل احمد سومرو نے لہر ہاؤس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی، جس میں میونسپل کارپوریشن کے میئر ایڈووکیٹ انور علی لہرسمیت شہر کی مختلف یونین کمیٹیوں کے چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں اور پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی، جمیل احمد سومرو نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے منتخب نمائندوں سے بریفنگ لی اور انہیں سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں اور انہیں مکمل کروائیں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے جمیل احمد سومرو نے کہا کہ پارٹی کے بانی قائد اور ملک کے سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی آج گڑھی خدا بخش بھٹو میں منائی جائے گی۔
اس موقع پر کارکن صبح کے وقت قرآن خوانی کریں گے اور اپنے شہید قائد کو خراج عقیدت پیش کریں گے ، انہوں نے کہا کہ گڑھی خدابخش بھٹو دنیا کی جمہوریت کا قبرستان ہے ، جہاں جمہوریت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم رہنما مدفون ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مخالفین صرف بے بنیاد باتیں کررہے ہیں اور انہیں غریب عوام کی کوئی فکر نہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں سندھ بھر میں سڑکوں کا جال بچھایا گیا ہے جس سے تجارت کو فروغ ملا ہے ۔ اور لاڑکانہ سمیت پورے صوبے میں ہزاروں تعلیمی ادارے قائم کیے گئے ہیں۔