پٹرول مہنگا، سندھ بھر میں سیاسی وسماجی تنظیموں، وکلا کے مظاہرے

پٹرول مہنگا، سندھ بھر میں سیاسی وسماجی تنظیموں، وکلا کے مظاہرے

اضافہ مسترد، حکومت کے خلاف نعرے ، قیمت بڑھانا ناقص معاشی پالیسیاں قرار

اندرون سندھ (نمائندگان) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کیخلاف سندھ بھر میں سیاسی وسماجی اور وکلا تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا گیا، انہوں نے اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت کیخلاف نعرے بازی کی، اور پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کو ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ قرار دیا۔ میرپور خاص، جیکب آباد، سکھر، سجاول، محراب پور، جھڈو، میہڑ، پنگریو، شہداد پور، حیدر آباد سمیت دیگر شہروں میں مظاہرین سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی میں بے پناہ اضافے کا سبب بن رہا ہے جس سے عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہے۔ حکمرانوں نے عوام پر پٹرول بم گرا دیا، پٹرول کی قیمت 458 روپے 52 پیسے فی لیٹر تک پہنچ جانا حکومتی نااہلی اور ناقص معاشی پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔

دوسری جانب شہریوں نے اپنی پوسٹس میں لکھا کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتیں بھی پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے باعث بڑھ رہی ہیں جس سے متوسط اور غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ سکھر میں شہریوں کی بڑی تعداد نے گدھے پر مذمتی پلے کارڈ باندھ کر احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ ادھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سکھر پولیس الرٹ ہوگئی، ممکنہ عوامی ردعمل اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے پیشِ نظر سکھر ضلع بھر میں سکیورٹی کے خصوصی سخت انتظامات کئے گئے۔ ضلع بھر کے مختلف تھانوں کی حدود میں واقع تمام اہم پیٹرول پمپس پر پولیس نفری تعینات کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں