جاپان فیسٹیول میں کامیاب ملاکھڑا کھلاڑیوں کیلئے انعامات

جاپان فیسٹیول میں کامیاب ملاکھڑا کھلاڑیوں کیلئے انعامات

ملاکھڑا کو باقاعدہ طور پر سالانہ اسپورٹس کیلنڈر میں شامل کر لیا گیا،وزیرکھیلکبڈی سمیت دیگر روایتی کھیلوں کو بھی فروغ دیا جائے گا،سردار محمد بخش مہر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جاپان میں منعقدہ پاکستان اوساکا کلچر فیسٹیول میں کامیابی کے بعدوطن واپس آنے والے ملھھ پہلوانوں کے اعزاز میں یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر ساؤتھ کراچی میں پروقار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی،اس موقع پر وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش خان مہر مہمان خصوصی اور سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر مہمان خاص تھے ۔ وزیر کھیل نے ملاکھڑا پہلوانوں منٹھار علی بگٹی اور قربان علی کو شیلڈز اور انعامی رقوم سے نوازا، جبکہ دیگر پہلوانوں کو بھی کیش انعامات دیے گئے ۔ اس موقع پر سردار محمد خان بخش مہر نے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے جاپان میں نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

ہماری کوششوں سے پی سی بی نے پاکستان کپ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ، جو پی ایس ایل کے بعد شروع ہوگا جس میں صوبوں کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔سندھ نے اپنی ٹیم کی تیاری کا کام بھی شروع کر دیا ہے ۔ سندھ کے کھلاڑیوں کے حقوق کے لیے ہمیشہ آواز اٹھاتے رہیں گے ۔ پی سی بی کے ساتھ مل کر کھیلوں کے فروغ کے لیے کام کیا جائے گا۔ حکومت سندھ ثقافتی کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ،ان کی انعامی رقم میں اضافہ کیا جائے گا۔ ملاکھڑا کو باقاعدہ طور پر سالانہ اسپورٹس کیلنڈر میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ کبڈی سمیت دیگر روایتی کھیلوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے آگے لایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں