پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ ظلم ، فیصلہ واپس لیا جائے ،منعم ظفر

پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ ظلم ، فیصلہ واپس لیا جائے ،منعم ظفر

حکمرانوں کی شاہ خرچیاں جاری، 10 کروڑ عوام خطِ غربت سے نیچے رہنے پر مجبور کے الیکٹرک پر تنقید،کنٹونمنٹ بورڈ حلقہ بندیوں میں مداخلت قبول نہیں،خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام پر ظلم کی انتہا ہے ، عوام دشمن او ر ظالمانہ فیصلہ واپس لیا جائے ، مختلف ٹیکسز و پٹرولیم لیوی ختم کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پٹرولیم قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے سلسلے میں ملینیم مال گلستان جوہر پراحتجاجی مظاہرے او ر ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ملک میں جہاں 10 کروڑ سے زائد لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہوں،وہاں حکمرانوں کی شاہ خرچیاں لمحہ فکریہ ہیں۔

بارش ہوتے ہی 2100فیڈرز میں سے 600فیڈرز ٹرپ کرجانا کے الیکٹرک کی نااہلی و ناقص کارکردگی کا واضح ثبوت ہے ، ہمارا دوٹوک مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرکے اس کا فارنزک آڈٹ کیا جائے اور کراچی کو براہ راست وفاق سے بجلی فراہم کی جائے ،کنٹونمنٹ بورڈ کی حلقہ بندیوں میں مداخلت اور دباؤ ناقابل قبول ہے ۔ حکمران جماعت الیکشن کمیشن کے عملے پر دباؤ ڈال رہی ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر کنٹونمنٹ بورڈ میں شفاف انتخابات اور منصفانہ حلقہ بندیاں یقینی بنائیں۔علاوہ ازیں شہر بھر میں مختلف چورنگیوں و شاہراؤں اور اہم پبلک مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔مظاہروں سے اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق سمیت امرائے اضلاع و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں