ماضی کے مقابلے میں شہر کی صورتحال کافی بہتر،میئر
چند چھوٹے مسائل ہیں، فوری حل کے لیے ہدایات کر دیں،مرتضیٰ وہاب شیر شاہ، بلدیہ ٹاؤن سمیت متعدد مقامات کا معائنہ ،بحالی کے اقدامات کاجائزہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے حالیہ برسات کے بعد شہر کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے ضلع کیماڑی میں شیر شاہ، بلدیہ ٹاؤن سمیت متعدد مقامات کا معائنہ کیا اور ریسکیو و بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ابرار جعفر، ایم پی اے لیاقت آسکانی، ٹاؤن چیئرمین بلدیہ عبدالکریم، ٹاؤن چیئرمین موریرو میر بہار علی اکبر، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور واٹر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ میئر کراچی نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں شہر کی صورتحال کافی بہتر ہے اور انتظامیہ کی بروقت کارروائی کے باعث ریسکیو آپریشن جلد مکمل کر لیا گیا۔
انتظامیہ کی متحرک حکمت عملی کے نتیجے میں برسات کے دوسرے اسپیل کو بھی موثر انداز میں اہینڈل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں اس وقت چند چھوٹے مسائل موجود ہیں، جن کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ دریں اثنا، میئر کراچی طارق روڈ اور نرسری کے علاقوں میں بھی پہنچے جہاں بارش کے باعث سڑک دھنسنے کے واقعے کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ٹاؤن انتظامیہ کو فوری بحالی کے احکامات جاری کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ آج رات تک سڑک کی مرمت کا کام مکمل کر لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی مشکلات کا انہیں مکمل احساس ہے اور چند مقامات پر پیش آنے والے مسائل کو جلد از جلد ختم کر دیا جائے گا۔