سکھر ایکسپریس میں جدید ریفربشڈ کوچز کی شمولیت
گورنرسندھ،وزیر بلدیات اورڈویژنل سپرنٹنڈنٹ نے کینٹ اسٹیشن پرافتتاح کیاموجودہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے کوشاں ہے ،نہال ہاشمی
کراچی (این این آئی) گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے کراچی محمود الرحمن لاکھو کے ہمراہ کراچی کینٹ اسٹیشن پر سکھر ایکسپریس میں جدید ریفربشڈ کوچز کی شمولیت کا افتتاح کر دیا۔ افتتاح سے قبل گورنر سندھ اور ناصر شاہ نے ٹرین کے اندر کوچز کا تفصیلی معائنہ کیا، مسافروں سے ملاقات کی اور فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے کہا کہ اس بہتری پر وزیراعظم اور بالخصوص وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے شکر گزار ہیں جن کی کاوشوں سے ریلوے میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کینٹ اسٹیشن سمیت دیگر اسٹیشنز پر بہتری لائی جا رہی ہے جبکہ روہڑی کے تاریخی ریلوے اسٹیشن کو بھی وفاقی اور صوبائی حکومت کے اشتراک سے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے میں مزید نئی سروسز اور روٹس متعارف کروائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے کوشاں ہے اور آج سکھر ایکسپریس کی اپ گریڈیشن اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ گورنر سندھ نے کوچز میں فراہم کردہ سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کا کریڈٹ ریلوے کے عملے ، انجینئرز اور بالخصوص وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کو جاتا ہے ۔