میٹرک امتحانات: امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ، ایڈمٹ کارڈ ویب سائٹ پر اپ لوڈ

 میٹرک امتحانات: امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ، ایڈمٹ کارڈ ویب سائٹ پر اپ لوڈ

ہر قسم کے اجتماعات، فوٹو اسٹیٹ مشینوں کے استعمال، اسلحہ کی نمائش اور موبائل فون کے استعمال پر بھی پابندی عائدامتحانات 7اپریل سے 2مئی تک ہوں گے ، تقریباً 3 لاکھ 85 ہزار امیدوار 530 امتحانی مراکز میں شریک ہوں گے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کمشنر کراچی ڈویژن سید حسن نقوی نے میٹرک (ایس ایس سی)کے سالانہ امتحانات 2026 کے انعقاد کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور نقل کی روک تھام کے لیے شہر بھر کے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے تحت میٹرک کے امتحانات 7 اپریل سے 2 مئی 2026 تک منعقد ہوں گے ، جن میں تقریباً 3 لاکھ 85 ہزار امیدوار 530 امتحانی مراکز میں شریک ہوں گے ۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ امتحانی مراکز کے اطراف غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ صرف ایڈمٹ کارڈ رکھنے والے امیدوار اور ڈیوٹی پر مامور عملہ ہی مراکز میں داخل ہو سکے گا۔

اس کے علاوہ امتحانی مراکز کے 200 گز کے دائرے میں ہر قسم کے اجتماعات، فوٹو اسٹیٹ مشینوں کے استعمال، اسلحہ کی نمائش اور موبائل فون یا دیگر الیکٹرانک آلات کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدامات امتحانات کے شفاف، منصفانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی کا اختیار بھی دیا گیا ہے ۔ یہ پابندیاں 7 اپریل سے 2 مئی 2026 تک فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔

مزید برآں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے لئے ایڈمٹ کارڈ بورڈ آفس کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیئے ، طلبہ اور تعلیمی ادارے وہاں سے اپنے کارڈز ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی، غلام حسین سوہو کے مطابق امتحانات دو شفٹوں میں منعقد کیے جائیں گے ، صبح کی شفٹ میں سائنس گروپ کے پرچے صبح 9:30 بجے سے ساڑھے 12:30 بجے تک ہوں گے ۔دوپہر کی شفٹ میں جنرل گروپ (ریگولر اور پرائیویٹ) کے امتحانات دوپہر 2:30 بجے سے شام 5:30 بجے تک لیے جائیں گے ۔ غلام حسین سوہو نے مزید بتایا کہ تمام امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈز بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں