سندھ بھر میں معرکہ حق کی تقریبات، ریلیاں نکالی گئیں
کیک بھی کاٹے گئے ، شرکا کا افواج پاکستان، سیاسی قیادت سے اظہار یکجہتیآپریشن بنیان مرصوص نے قوم کو نئی طاقت، اعتماد، حوصلہ دیا، مقررین
اندرون سندھ (نمائندگان)سندھ بھر میں بھی معرکہ حق کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر سیاسی، سماجی اور مذہبی ودیگر تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالیں اور کیک کاٹے گئے ۔ شرکا نے افواج پاکستان اور سیاسی قیادت سے اظہار یکجہتی کیا۔ حیدر آباد، میرپور خاص، نوابشاہ، سانگھڑ، سکھر، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ، جیکب آباد، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، مٹیاری سمیت دیگر شہروں میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے قوم کو نئی طاقت، حوصلہ اور اعتماد دیا۔ آپریشن بنیان مرصوص پاکستان کی سلامتی اور دہشت گردی کے خاتمے کی ایک عظیم کامیابی ہے ، جس نے قوم کو نئی طاقت اور اعتماد فراہم کیا۔ مقررین نے پاکستان کی خود مختاری، سلامتی اور قومی وقار کے تحفظ کے لئے افواجِ پاکستان، سکیورٹی اداروں اور پوری پاکستانی قوم کی بے مثال قربانیوں، جرأت اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈمارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت، عسکری حکمتِ عملی، اور ملکی دفاع کے لیے ان کی غیرمعمولی خدمات لائق تحسین ہے انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کے دفاع، سالمیت اور استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے لیے ہماری افواج نے ہمیشہ لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔نوجوان نسل کو بھی وطن سے محبت اور اتحاد کا پیغام عام کرنا ہوگا۔