شاہ فیصل کالونی کے صرافہ بازار میں نقب زنی
ملزمان لاکھوں روپے کے زیورات اور دیگر سامان لے اُڑے ،دکانداردکانوں کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے ،چوری کی تصدیق نہیں ہوئی،پولیس
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شاہ فیصل کالونی نمبر ایک مین روڈ پر قائم صرافہ بازار کی تین دکانوں میں نقب زنی کی واردات ،ملزمان لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور دیگر سامان لے اُڑے ۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔ نامعلوم ملزمان جمعہ اور ہفتہ کی صبح بازار میں داخل ہوئے اور آدھے گھنٹے سے زائد وقت تک مختلف دکانوں کی تلاشی لیتے رہے جبکہ پولیس کو واردات کی اطلاع نہ ہوسکی۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ملزم نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا اور وہ بار بار دکان کے اندر داخل ہو کر سامان کی تلاشی لیتا رہا۔ملزمان نے روہا جیولرز، راؤ اینڈ سنز اور راؤ آصف جیولرز کے تالے توڑ کر واردات کی۔ متاثرہ دکاندار کامران کے مطابق روہا جیولرز سے تقریباً 9 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور چاندی لوٹی گئی۔ذرائع کے مطابق ملزمان صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے بازار میں داخل ہوئے اور چھ بجے تک دکانوں میں موجود رہے ۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ۔متاثرہ دکاندار کامران نے بتایا کہ پولیس مکمل تعاون کر رہی ہے تاہم تاجروں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔ پولیس کا موقف ہے کہ دکانوں کے تالے ضرور ٹوٹے ہوئے تھے لیکن ابتدائی طور پر کسی بڑے نقصان یا چوری کی تصدیق نہیں ہوئی۔ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی کے مطابق علاقے کے چوکیداروں سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے ۔