چنیسرٹاؤن:15سال پرانے ڈمپنگ پوائنٹ کا خاتمہ
صفائی کی صورتحال کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھا جائے ،ایم ڈی سالڈ ویسٹعید الاضحی سے قبل تمام عارضی اور غیر قانونی کچرا کنڈیوں ختم کرنے کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر ) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطارق علی نظامانی کی ہدایت پر چنیسر ٹاؤن میں اقراء یونیورسٹی سروس روڈپر قائم 15 سال پرانے کچرے کے ڈمپنگ پوائنٹ کا مکمل طورپرخاتمہ کرکے صفائی اور چونے کا چھڑکاؤ کردیا گیا۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں صفائی کی صورتحال کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھا جائے تاکہ شہریوں کو صاف اور بہتر ماحول فراہم کیا جاسکے ۔علاوہ ازیں ایم ڈی سالڈ ویسٹ کی صدارت میں ضلع شرقی محمود آباد ورک شاپ میں ہینگزو کمپنی کے آپریشنل انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے ، کچرا اٹھانے کے عمل کو تیز کرنے اور غیر قانونی ڈمپنگ پوائنٹس کے خاتمے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔انہوں نے اجلاس میں ہدایت دی کہ بالخصوص عید الاضحی سے قبل تمام عارضی اور غیر قانونی کچرا کنڈیوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔بعد ازاں ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ نے محمودآباد یارڈ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کا معائنہ کیا اور صفائی کے عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ صفائی ستھرائی کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے ، گاڑیوں اور سینیٹری ورکرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن احسن رضا، ڈائریکٹر ضلع شرقی شکیل احمد، ہینگزو کمپنی کے جنرل منیجرو دیگر افسران موجود تھے ۔