عدالتی نظام جدید بنانے کیلئے ڈیجیٹل منصوبوں کاآغاز
سی ایف ایم ایس موبائل ایپ آئی او ایس پلیٹ فارم کے لیے تیار کی گئی ہےسائلین، وکلا اور شہریوں کو عدالتی خدمات تک آسان رسائی فراہم کی جائے گی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے دو نئے ڈیجیٹل منصوبوں ایل آر سی اسسٹنٹ اور سی ایف ایم ایس موبائل ایپ کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں منصوبے عدالت کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے تیار کیے ہیں۔ تقریب میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت، آئی ٹی کمیٹی کے اراکین جسٹس محمد فیصل کمال عالم، جسٹس عدنان اقبال چوہدری سمیت دیگر ججز نے شرکت کی۔ اعلامیے کے مطابق سی ایف ایم ایس موبائل ایپ آئی او ایس پلیٹ فارم کے لیے تیار کی گئی ہے جس کے ذریعے سائلین، وکلا اور شہریوں کو عدالتی خدمات اور مقدمات کی معلومات تک آسان رسائی فراہم کی جائے گی۔ ایپ میں فکس مقدمات کی سماعت سے متعلق نوٹیفکیشنز، آن لائن سی ٹی سی درخواستیں، ای نوٹسز، ای فائلنگ، کیس سرچ، کاز لسٹ، عدالتی کارروائی، ججز روسٹر اور مقدمات کے شیڈول جیسی سہولیات شامل ہیں۔
سندھ ہائیکورٹ کے مطابق ایل آر سی اسسٹنٹ مصنوعی ذہانت پر مبنی قانونی تحقیق اور عدالتی معاونت کا نظام ہے ۔ یہ نظام مشین لرننگ ماڈلز اور عدالتی ڈیٹا بیس کی مدد سے فیصلوں اور عدالتی احکامات کی تلاش اور فراہمی میں معاونت فراہم کرے گا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ نظام اسکین شدہ اور ڈیجیٹل عدالتی ریکارڈ سے معلومات اخذ کرکے احکامات، کیس ڈائریوں اور متعلقہ عدالتی ریکارڈ تک رسائی بھی فراہم کرے گا۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ اور آئی ٹی کمیٹی کے اراکین نے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عدالتی نظام میں شفافیت میں اضافہ ہوگا۔