اورنگی ٹاؤن میں ہلال احمر کی اراضی 40سال بعد قبضہ مافیا سے واگزار
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اورنگی ٹاؤن میں ہلال احمر کی زمین پر پچھلے 40 سال سے قائم غیر قانونی قبضہ واگزار کرا لیا گیا ہے ۔
چیئرمین ہلال احمر ریحان ہاشمی کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں اسپتال کے لیے مختص اس قیمتی اراضی کو مافیا سے چھڑا لیا گیا ہے ۔ہلال احمر کے حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن 5 نمبر میں اسپتال کی زمین پر قبضہ کر کے وہاں 100 سے زائد دکانیں تعمیر کی گئی تھیں اور قابضین نے اس اراضی پر باقاعدہ کمرشل سرگرمیاں شروع کر رکھی تھیں۔اس زمین کی واگزاری کے لیے میئر کراچی، کمشنر کراچی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے ) کو درخواستیں دی گئی تھیں، جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔آپریشن کے دوران غیر قانونی دکانوں کا سامان ضبط کر لیا گیا ہے اور قابضین کو سخت انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ دوبارہ قبضہ کرنے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ہلال احمر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واگزار کرائی گئی زمین پر جلد اسپتال قائم کیا جائے گا جہاں عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔