پارک نجی ادارے کو دینے کیخلاف درخواست دائر
زمین پر کسی بھی قسم کی تعمیرات اور نجی استعمال سے روکنے کی استدعا بیچ ویو پارک کو ماسٹر پلان کے تحت قانونی تحفظ حاصل ،درخواست گزار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر سٹی کونسل اور دیگر کی جانب سے کلفٹن کے بیچ ویو پارک کو نجی ادارے کے حوالے کرنے کے خلاف آئینی درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست میں متعلقہ حکام کو فریق بناتے ہوئے پارک کی زمین پر کسی بھی قسم کی تعمیرات اور نجی استعمال سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے ۔ درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق نے موقف اختیار کیا ہے کہ کراچی میونسپل کارپوریشن کی سٹی کونسل نے مارچ میں بیچ ویو پارک کی اراضی پر میوزیم کے قیام کی منظوری دی تھی۔ میوزیم کا منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کیا جانا ہے ۔ عوامی پارک کی زمین کو نجی استعمال کے لیے مختص کرنا سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں کے منافی ہے ۔ درخواست گزار کے مطابق سٹی کونسل میں یہ قرارداد غیر قانونی طریقے سے منظور کی گئی کیونکہ اجلاس سے قبل ایجنڈا اراکین کو فراہم ہی نہیں کیا گیا تھا۔ درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بیچ ویو پارک کو ماسٹر پلان کے تحت قانونی تحفظ حاصل ہے اور پارک کی زمین پر میوزیم یا کسی بھی قسم کی تعمیرات عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہوں گی۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ سٹی کونسل کی قرارداد قانونی اختیار سے تجاوز کے زمرے میں آتی ہے ۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ زمین پر تعمیرات کرنے یا منصوبے پر عملدرآمد سے متعلق تمام اقدامات کو روکا جائے ۔