سمندراورندی میں نہاتے ہوئے بچوں سمیت 3افراد ڈوب گئے

سمندراورندی  میں  نہاتے  ہوئے  بچوں  سمیت 3افراد  ڈوب  گئے

منظورکالونی کے رہائشی 10سالہ سالار اور12سالہ فہدحسین دوستوں کے ہمراہ کازوے کے قریب ندی آئے تھے ہاکس بے پر دو مختلف واقعات میں تین نوجوان سمندر کی بے رحم لہروں کی نذر ہوگئے ،ایک کو بیہوشی کی حالت میں نکالا گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) کورنگی کازوے کے قریب ندی میں نہاتے ہوئے 2کمسن بچے ڈوب کرجاں بحق ہوگئے ، جاں بحق ہونے والے بچے منظورکالونی کے رہائشی تھے اوراپنے دیگر دوستوں کے ہمراہ پکنک منانے کے لیے کازوے کے قریب ندی آئے تھے اور ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ۔ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق ڈوب کرجاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 10 سالہ سالار ولد محمد امتیاز اور12 سالہ فہدحسین ولد خورشید احمد کے نام سے شناخت کی گئی ہے ۔ایس ایچ اوکورنگی صنعتی ایریا حکم داد کے مطابق چارسے پانچ بچے شدید گرمی کے باعث کورنگی کازوے کے قریب ندی میں نہانے کے لیے آئے تھے جہاں نہاتے ہوئے 2 کمسن بچے ڈوب گئے ، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد دونوں بچوں کی لاش ورثاء کے حوالے کردیں ۔علاوہ ازیں ہاکس بے پر پیش آنے والے دو مختلف واقعات میں تین نوجوان سمندر کی بے رحم لہروں کی نذر ہوگئے ، جن میں ایک جاں بحق، ایک کو بے ہوشی کی حالت میں بچالیا گیا جبکہ ایک نوجوان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے ۔ریسکیو حکام کے مطابق ہاکس بے کے علاقے ہمالیہ روڈ پر واقع ہٹ نمبر ایس-42 کے قریب دو نوجوان سمندر میں نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوبنے لگے ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی فاؤنڈیشن اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری امدادی کارروائی شروع کردی۔ریسکیو اہلکاروں نے ایک نوجوان کو بے ہوشی کی حالت میں سمندر سے نکال لیا، جس کی شناخت 18 سالہ حذیفہ کے نام سے ہوئی ہے ۔ اسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، دوسری جانب سمندر میں ڈوبنے والے دوسرے نوجوان کی لاش نکال لی گئی۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 20 سالہ میسم عباس کے نام سے ہوئی ہے ۔ادھر ہاکس بے کے ہی علاقے مچھلی چوک کے قریب ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 17 سالہ نوجوان یوسف کے سمندر میں ڈوبنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع ملنے پر ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والے نوجوان یوسف کی تلاش کے لیے غوطہ خوروں اور بحری رضاکاروں کی مدد سے آپریشن جاری ہے ، تاہم خبر فائل کیے جانے تک نوجوان کا سراغ نہیں مل سکا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں