میرپور خاص:مہوش جروار قتل، پولیس اہلکار کو 25 سال قید، شوہر بری
یوسف پر5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد، گزشتہ سال 9 اپریل کوقتل کا واقعہ پیش آیا تھا
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)میرپورخاص کی فرسٹ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے لیڈی کانسٹیبل مہوش جروار قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم پولیس اہلکار محمد یوسف کھوسو کو 25 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی، مقدمے میں نامزد دوسرے ملزم اور مقتولہ کے شوہر گل محمد پٹھان کو شواہد کی عدم موجودگی پر باعزت بری کرنے کا حکم دیا ہے ، یاد رہے کہ میرپورخاص سینٹرل جیل میں تعینات لیڈی کانسٹیبل مہوش جروار کی لاش 9 اپریل 2025 کو جیل کے رہائشی کوارٹر سے پراسرار حالت میں برآمد ہوئی تھی، ابتدائی طور پر واقعے کو خودکشی قرار دیا گیا تھا تاہم اہل خانہ کی جانب سے قتل کے شبہ کا اظہار کرنے اور بعد ازاں سامنے آنے والے شواہد کے بعد تحقیقات کا رخ تبدیل ہوگیا تھا، واقعے کے بعد اُس وقت کے ایس ایس پی نے نوٹس لیتے ہوئے مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے احکامات جاری کیے تھے پولیس تحقیقات کے دوران مقتولہ کے شوہر گل محمد پٹھان اور جیل پولیس کے اہلکار محمد یوسف کھوسو کو مقدمے میں نامزد کرکے گرفتار کیا گیا تھا، تفتیشی حکام نے عدالت میں مختلف شواہد اور گواہوں کے بیانات پیش کیے جن کی روشنی میں مقدمے کی سماعت جاری رہی، عدالت نے طویل سماعت اور استغاثہ و دفاع کے دلائل سننے کے بعد اپنا فیصلہ سناتے ہوئے محمد یوسف کھوسو کو جرم کا مرتکب قرار دیا اور اسے 25 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جبکہ گل محمد پٹھان کوباعزت بری کرنے کا حکم دیا۔