جھڈو:باراتیوں کی ہوائی فائرنگ سے دولہا کابھائی جاں بحق

جھڈو:باراتیوں کی ہوائی فائرنگ سے دولہا کابھائی جاں بحق

بارات شادی ہال کے باہر پہنچنے پرفائرنگ کی گئی، ایک گولی بلال کولگیحیدر آباد لیجاتے ہوئے چل بسا، کرم پور میں فائرنگ سے نوجوان ہلاک

جھڈو، کرم پور(نمائندگان) جھڈو میں خوشیوں سے بھرا شادی کا گھر ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا، ماجد راجپوت کی بارات ڈگری شادی ہال کے باہر پہنچی تو باراتیوں کی جانب سے شدید ہوائی فائرنگ کی گئی۔ اچانک ایک گولی بھائی کی شادی میں شرکت کے لیے چھٹی پر آئے ہوئے پاک فوج کے جوان 28 سالہ محمد بلال ولد نظر محمد راجپوت کو جالگی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا، اسے فوری طور پر ڈگری اسپتال سے طبی امداد دے کر حیدرآباد ریفر کر دیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا، نوجوان کے انتقال کی خبر جب جھڈو پہنچی تو پورے شہر میں سوگ کی فضا پھیل گئی، متوفی نوجوان کے دو بچے ایک لڑکا اور ایک لڑکی ہیں، متوفی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

جس میں راجپوت برادری سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، بعد ازاں مقامی قبرستان سخی تاج محمد میں انہیں سپرد خاک کردیا گیا۔ دوسری جانب کرم پور کے قریب تھانہ جمال کی حدود گاؤں شفیع محمد جعفری میں نندوانی اور جعفری برادریوں میں دشمنی پر گولیاں چل گئیں، نندوانی برادری کے افراد نے شدید فائرنگ کی جس سے شاہمراد جفری موقع پر قتل رجب جعفری زخمی ہوگئے ۔ جعفری برادری کی جوابی فائرنگ سے مسلح افراد فرار ہوگئے ۔ شدید فائرنگ سے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں