تھر میں پانی، روزگار نایاب، حکمراں دعوے کررہے ، حلیم عادل

تھر میں پانی، روزگار نایاب، حکمراں دعوے کررہے ، حلیم عادل

تحریک انصاف رہنما کابدین، سجاول، مٹھی کا دورہ، پارٹی کارکنان سے ملاقاتیں

تھرپارکر (نامہ نگار)تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ایک روزہ تنظیمی دورے کے دوران کراچی سے سجاول، بدین اور مٹھی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقاتیں کیں اور چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے نکالی جانے والی ریلیوں میں شرکت کی۔ سجاول اور بدین میں کارکنان نے عمران خان سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی رہائی کے مطالبے کے لیے بھرپور ریلیاں نکالیں، جن میں حلیم عادل شیخ نے شرکت کرتے ہوئے کارکنان کے جذبے کو سراہا۔ کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی تھرپارکر کے کارکنان عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں پانی، اسلام آباد سے تقریباً دو ہزار کلومیٹر دور مٹھی میں کارکنان کا عمران خان سے اظہارِ یکجہتی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام آج بھی ان کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی قیدی نہیں بلکہ قوم کے حقوق کی خاطر جدوجہد کرنے والے رہنما ہیں، جبکہ اصل قیدی نااہل حکمران ہیں جنہوں نے ملک کو معاشی بحران میں دھکیل دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ، پیٹرول، بجلی، گئس، آٹا، گیھ، چینی سمیت تمام ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے جبکہ وفاقی بجٹ میں عام آدمی کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کر کے پوری قوم کے سامنے اپنی نااہل عیان کر دی ہے ۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ فارم 47 کے حکمرانوں نے ملک کی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور ظلم و جبر کی طویل رات اب اپنے اختتام کے قریب ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پی ٹی آئی کے جلسوں میں کارکنان کا جوش و جذبہ اس کا واضح ثبوت ہے ۔انہوں نے تھرپارکر کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی تھر کے عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں اور پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ مٹھی میں قائم سب سے بڑا آر او پلانٹ سمیت دیگر سولر آر او پلانٹس بھی عوام کو مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اربوں روپے کے منصوبوں میں کرپشن کی گئی جبکہ عوام کو ایک بوند پانی بھی میسر نہیں۔انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں غربت، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری سرپرستی میں منشیات فروشی کا کاروبار جاری ہے جس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے خصوصاً ضلع تھرپارکر کی پولیس نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے ۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ تھرپارکر کے عوام لاوارث نہیں ہیں، پاکستان تحریک انصاف ان کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور علاقے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں