عزاداری پروگراموں کو فول پروف سکیورٹی دی جائے ، علامہ مبشر

 عزاداری پروگراموں کو فول پروف سکیورٹی دی جائے ، علامہ مبشر

شرپسندی نہیں ہونی چاہئے ، وحدت اسکاؤٹس سکیورٹی سنبھالیں گے،رہنما مجلس وحدت کراچی میں بلدیاتی ایشوز پرحکومتوں کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت، پریس کانفرنس

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ مبشر حسن نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداری کے پروگراموں کو فول پروف سیکورٹی دی جائے تاکہ شر پسند عناصرکو کسی شرپسندی کا موقع نہ ملے تمام مرکزی جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب اور اضافی نفری تعینات کر کے کسی بھی شرپسندی کے خدشے کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے ، وحدت اسکاؤٹس کے نوجوان مختلف اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ جلوسوں کی حفاظت کی ذمہ داری سرانجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی ایشوز پر وفاقی و صوبائی حکومتوں کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ایام عزا میں مجالس و جلوسوں عزا کے راستوں کی صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و بحالی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے ، کے الیکٹرک بالکل تعاون نہیں کر رہی، انہوں نے کہا ہمارے متعدد ایسے معتدل علما و ذاکرین کے داخلے پر انتظامیہ نے پابندی لگائی جنہوں نے ہمیشہ وحدت و اخوت پر زور دیا اور انہیں اہل تشیع کی طرح اہل سنت برادران بھی احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں یہ اقدام سراسر تعصب پر مبنی ہے ، ملک میں ایف آئی آر کی سیاست ناکام ہوچکی اور عزاداری روکنے کیلئے جو ہتھکنڈے اپنائے جائینگے انھیں بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑیگا۔ کانفرنس میں علامہ صادق جعفری،علامہ ملک غلام عباس،سید رضی حیدر رضوی،محمد میاں زیدی،کاظم عبّاس،زین جعفری،علی نیر و دیگر موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں