ٹماٹر نے شہریوں کامنہ لال کردیا، 400روپے کلو فروخت

ٹماٹر نے شہریوں کامنہ لال کردیا، 400روپے کلو فروخت

میرپور خاص ونواح میں 2روز کے دوران 200روپے فی کلو اضافہ ریکارڈبدین میں 500روپے کلو تک بیچے جانے کی اطلاعات، حکومتی نگرانی غائب

میرپور خاص، پنگریو (نمائندگان)اندرون سندھ ٹماٹر کی قیمت سن کر شہریوں کے منہ لال ہونے لکے ۔ میرپور خاص ونواح میں 400 روپے کلو فروخت ہونے لگا، جبکہ بدین میں 500 روپے کلو بیچے جانے کی اطلاعات ہیں۔ میرپورخاص میں 2 روز قبل 200 روپے فی کلو فروخت ہونیوالا ٹماٹر اب 400 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے جس سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سبزیوں سمیت اشیائے خور و نوش کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کردیا ہے جبکہ روزمرہ ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے ، خریداروں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر ہر گھر کی بنیادی ضرورت ہے لیکن قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث اب اس کی خریداری بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہے۔

شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی مزید بڑھ سکتی ہیں۔ دوسری جانب بدین کے علاقے پنگریو ونواح میں ٹماٹر 450 سے 500روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اچانک ہونے والے اس غیر معمولی اضافے نے متوسط اور غریب طبقے کے لیے روزمرہ خوراک کی تیاری بھی مشکل بنا دی۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ قیمت کنٹرول ادارے صورتحال پر مؤثر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق حالیہ بارشوں، بعض زرعی علاقوں میں فصل کو نقصان، رسد میں کمی، نقل و حمل کے بڑھتے اخراجات، ذخیرہ اندوزی، منافع خوری اور طلب و رسد کے عدم توازن نے قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں