مشکوک دستاویزات پرآذربائیجان جانے والے آف لوڈ

مشکوک دستاویزات پرآذربائیجان جانے والے آف لوڈ

مسافروں کا تعلق دادو سے ہے ، ایک مسافر کا والد پولیس میں ملازم ہےراجا نامی شخص نے ملازمت دلوانے کے نام پر 18 لاکھ روپے طلب کیے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے ) امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کے دوران مشکوک دستاویزات اور معلومات کے سبب آذربائیجان جانے والے دو مسافروں کوآف لوڈ کردیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن عملے نے آذربائیجان جانے والے دو مسافروں کو دوران امیگریشن کلیئرنس مشکوک سفری معلومات کی بنیاد پر روک کر جانچ پڑتال کا آغاز کیا، مسافروں کا تعلق سندھ کے علاقے دادو سے ہے ، جو پاکستانی پاسپورٹس پر وزٹ ویزا کے ذریعے آذربائیجان سفر کررہے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ دستاویزات کی جانچ اور انٹرویوکے دوران مسافر نے بتایا کہ اس کے والد سندھ پولیس میں ملازم ہیں اور اس وقت پاسپورٹ آفس دادو میں تعینات ہیں، ان کے مطابق والد کے ذریعے اس کا رابطہ سلیم نامی شخص سے ہوا، جس نے بعد ازاں اسے مبینہ ٹریول ایجنٹس سے متعارف کروایا۔

مسافروں نے بتایا کہ وہ آذربائیجان میں موجود سعید نامی شخص سے بھی رابطے میں تھے ، جو مبینہ طور پر آذربائیجان میں مقیم ہے ، مسافروں کے مطابق راجا نامی شخص نے 4 افراد کو آذربائیجان وزٹ ویزا پر بھجوانے اور ہوٹل مینجمنٹ کے شعبے میں ملازمت دلوانے کے نام پر 18 لاکھ روپے طلب کیے ، جن میں سے ابتدائی طور پر 14 لاکھ روپے ادا کیے گئے ہیں۔ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ کارروائی کے وقت صرف دو مسافر سفر کر رہے تھے جبکہ دیگر دو افراد بعد کے مرحلے میں روانہ ہونے والے تھے جبکہ مسافروں نے بتایا کہ رقم کی ادائیگی مسافر کے والد پولیس عہدیدار کی جانب سے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے کی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں