کنٹونمنٹ انتخابات:ایم کیو ایم کا بھرپور تیاریوں کا فیصلہ
ووٹرز کااندراج ترجیح، خالد مقبول کی کارکنوں کو فیلڈ ورک تیز کرنیکی ہدایتانتخابی مہم گھر گھر پہنچانے اور عوام سے براہِ راست رابطے بڑھانے پر اتفاق
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی و اراکین مرکزی کمیٹی کی زیرِ صدارت مرکزی الیکشن سیل اور مرکزی شعبہ جات کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ کنٹونمنٹ بورڈ کراچی کے انتخابات کیلئے تفصیلی حکمتِ عملی اور تنظیمی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سینئر مرکزی رہنماؤں سید امین الحق، رضوان بابر، مرکزی رہنما شبّیر قائم خانی، زاہد منصوری سمیت سینٹرل آرگنائزنگ اینڈ کوارڈینیشن کمیٹی (سی او سی سی) کے اراکین ارشد حسن، مسعود محمود، شکیل احمد اور دیگر اراکینِ کمیٹی نے شرکت کی۔ چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات پارٹی کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں لہٰذا کارکنان کو ہر سطح پر متحرک ہو کر انتخابی عمل میں کردار ادا کرنا ہوگا،اس ضمن میں حلقہ بندیوں کے مطابق ووٹرز کا بروقت اندراج ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن سے قبل ووٹرز کا ان کے متعلقہ علاقوں کے مطابق اندراج یقینی بنانے کیلئے فیلڈ ورک کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ کسی بھی شہری کا حقِ رائے دہی ضائع نہ ہو اور پارٹی کے حامی ووٹرز کا اندراج ہر صورت مکمل کیا جائے ۔ اجلاس میں شرکاء نے انتخابی مہم کو گھر گھر پہنچانے اور عوام کے ساتھ براہِ راست رابطہ استوار کرنے پر اتفاق کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ تنظیمی نظم و ضبط کی پاسداری کرتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کی جائے گی۔