چرس اسمگلنگ کیس،مجرم کو عمرقید،2 خواتین ملزم عدالت سے فرار

چرس اسمگلنگ کیس،مجرم کو عمرقید،2 خواتین ملزم عدالت سے فرار

اینٹی نارکوٹکس کورٹ نے کوئٹہ سے کراچی منشیات اسمگلنگ کے مقدمے کا فیصلہ سنایا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس کورٹ نے کوئٹہ سے کراچی بھاری مقدار میں چرس اسمگل کرنے کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ملزم ظفر اللہ کو عمر قید اور 8 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی، جبکہ فیصلے سے قبل دو خواتین ملزم عدالت سے فرار ہو گئیں، جنہیں مفرور قرار دے دیا گیا۔ اینٹی نارکوٹکس کورٹ میں کوئٹہ سے کراچی منشیات اسمگلنگ کے مقدمے کا فیصلہ سنایا گیا۔ عدالت نے استغاثہ کے شواہد کی بنیاد پر ملزم ظفر اللہ کو قصوروار قرار دیتے ہوئے عمر قید اور 8 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا۔ فیصلہ سنائے جانے سے قبل مقدمے میں نامزد دو خواتین ملزمان صدیقہ اور بی بی حمیدہ عدالت سے فرار ہو گئیں، جس پر عدالت نے دونوں کو مفرور قرار دیتے ہوئے ان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔

پراسیکیوٹر اے این ایف کے مطابق ملزموں نے بھاری مقدار میں چرس کوئٹہ سے کراچی اسمگل کی تھی۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزموں کو سہراب گوٹھ کے علاقے سے گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے منشیات برآمد کی تھی۔ فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ ملزم ظفر اللہ یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا کہ اسے جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا یا اینٹی نارکوٹکس فورس کے اہلکاروں سے اس کی کوئی ذاتی مخاصمت تھی، لہٰذا استغاثہ کے شواہد قابل اعتماد ہیں اور ملزم کے خلاف جرم ثابت ہوتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں