سکھر:سینٹرل جیل میں 24سالہ قیدی نے مبینہ خودکشی کرلی
لاش اسپتال کے واش روم سے ملی، منشیات استعمال کے شبہ پرزیر نگرانی تھالواحقین کا پوسٹمارٹم سے انکار، اصرار پرضروری کارروائی کے بعد لاش حوالے
سکھر، روہڑی (نمائندگان)سکھر سینٹرل جیل میں 24 سالہ قیدی دنیش کمار ولد چاند نے مبینہ خودکشی کرلی، دنیش کمار شراب ایکٹ کے تحت دو ماہ سے جیل میں تھا اور اسے منشیات کے استعمال کے شبہ کی وجہ سے جیل کے اسپتال میں زیر نگرانی رکھا گیا تھا، جیل انتظامیہ کے مطابق 16 جولائی کی رات اس نے جیل اسپتال کے واش روم میں اپنے ٹرائوزر کی ڈوری سے لٹک کر خودکشی کرلی، واقعے کے بعد جیل انتظامیہ نے انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں پر جیل کے ڈیوٹی ڈاکٹر نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا، متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے روہڑی تعلقہ اسپتال لایا گیا، جہاں لواحقین نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کرتے ہوئے واقعے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ، جیل حکام کے مطابق 16 جولائی اور 17 جولائی کی درمیانی شب تقریباً ساڑھے بارہ بجے دنیش کمار نے مبینہ طور پر جیل اسپتال کے واش روم میں اپنی پتلون کی ڈوری سے پھندا لگا لیا، ورثا نے اسپتال پہنچ کر لاش حوالے کرنے پر اصرار کیا، جس کے بعد ضروری کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے بعد نوجوان کی لاش حوالے کر دی گئی۔ دوسری جانب متوفی کے بھائی آکاش اور والد چاند نے میڈیا سے گفتگو میں پولیس پر الزام لگایا کہ دنیش کمار کبھی کبھار شراب پیتا تھا لیکن فروخت نہیں کرتا تھا، پولیس نے جھوٹا مقدمہ درج کیا۔ ورثا کا کہنا ہے کہ اگر تحقیقات میں کسی بھی فرد کی غفلت، کوتاہی یا لاپروائی ثابت ہوتو اس کیخلاف کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments