نو پارکنگ ایریاز پر جدید کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ
جدید کیمرے گاڑیوں کی نشاندہی اورمعلومات ٹریفک پولیس کوفراہم کریں گے نو پارکنگ کی خلاف ورزی پر ای چالان جاری ہوگا، ڈی جی سیف سٹیز اتھارٹی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ سیف سٹیز اتھارٹی نے کراچی کے مختلف نو پارکنگ مقامات پرجدیدخودکارکیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔جدید کیمرے نوپارکنگ زونز میں کھڑی گاڑیوں کی نشاندہی اور ان کی معلومات ٹریفک پولیس کراچی کوفراہم کریں گے ۔ڈی جی سیف سٹیز اتھارٹی سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ نو پارکنگ کی خلاف ورزی پر گاڑی مالکان کو ای چالان جاری کیا جائے گا۔کراچی سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت، سندھ سیف سٹیز اتھارٹی نے شہر بھر میں ایک جدید ترین سرویلنس نیٹ ورک تشکیل دیا ہے ۔1300 سے زائد جدید اے آئی بیسڈ کیمرے جو شہر کے مختلف مقامات پر نصب ہیں اور جدیداے آئی کی مدد سے افراد، گاڑیوں اور دیگر اہم سرگرمیوں کی خودکار شناخت کی صلاحیت رکھتے ہیں،یہی وسیع نیٹ ورک ٹریفک پولیس کے ٹریکس سسٹم کو باقاعدہ فعال بنا رہا ہے جس کے ذریعے ٹریفک پولیس پہلے ہی سے ان کیمروں کی مدد سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی خودکار نشاندہی کر کے ، بغیر کسی اہلکار کی موجودگی کے فیس لیس ای چالان جاری کر رہی ہے ،اب سندھ سیف سٹیز اتھارٹی اسی نیٹ ورک کو مزید وسعت دیتے ہوئے ایک نیا اضافہ کر رہی ہے ۔اسمارٹ نوپارکنگ کیمراز کی تنصیب جو شہر کے مختلف مقامات پر نصب کی جا رہی ہیں۔ڈی جی سندھ سیف سٹیزاتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ جدید کیمرے نوپارکنگ زونز میں کھڑی گاڑیوں کی خودکار نشاندہی کریں گے اور یہ معلومات براہِ راست ٹریفک پولیس کے ٹریکس سسٹم کو فراہم کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments