گھوٹکی ضلع کونسل، ایک ارب 70 کروڑ کابجٹ متفقہ منظور

گھوٹکی ضلع کونسل، ایک ارب 70 کروڑ کابجٹ متفقہ منظور

ڈھائی لاکھ کی بچت دکھائی گئی، ترقیاتی منصوبوں کیلئے 65 کروڑ 71 لاکھ رکھے گئےجاری اسکیموں کیلئے 5 کروڑ 41 لاکھ مختص، عوام کوبہتر سہولتیں دینگے ، چیئرمین

میرپورماتھیلو(نمائندہ دنیا)چیئرمین ضلع کونسل گھوٹکی بنگل خان مہر کی زیر صدارت مالی سال 27-2026کا بجٹ اجلاس ہوا۔ اس موقع پر چیئرمین بنگل خان مہر نے ایک ارب 70 کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا، جسے ایوان نے متفقہ منظور کر لیا۔ منظور شدہ بجٹ میں نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 65 کروڑ 71 لاکھ روپے جبکہ جاری ترقیاتی اسکیموں کے لیے 5 کروڑ 41 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ریونیو اخراجات، جن میں ملازمین کی تنخواہیں، پنشن، میڈیکل ری ایمبرسمنٹ، دفتری اخراجات، مرمت اور دیکھ بھال شامل ہیں، کے لیے ایک ارب 6 کروڑ 69 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ بجٹ کے مطابق نئے مالی سال کے دوران مجموعی آمدنی کا تخمینہ ایک ارب 70 کروڑ 4 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔

جس میں ریونیو آمدنی ایک ارب 57 کروڑ روپے جبکہ کیپٹل آمدنی 12 کروڑ 54 لاکھ روپے شامل ہے ۔ آمدنی کے اہم ذرائع او زی ٹی (OZT) کی منتقلی، ٹیکسز، کرایہ کی آمدنی اور سکیورٹی ڈپازٹس بتائے گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ نئے مالی سال کے دوران مجموعی اخراجات کے بعد 2 لاکھ 49 ہزار روپے کی بچت متوقع ہے ۔ اس موقع پر بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بنگل خان مہر نے کہا کہ تمام اراکین کے تعاون سے ضلع کونسل کے امور چلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کام کرانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ عوام کو بہتر سہولیات اور فائدہ پہنچایا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...