چھوٹکی گھٹی، الرحیم شاپنگ سینٹر کے متاثرہ دکانداروں کا احتجاجی کیمپ

چھوٹکی گھٹی، الرحیم شاپنگ سینٹر کے متاثرہ دکانداروں کا احتجاجی کیمپ

دکانوں کی بندش سے تاجروں کے ساتھ دیہاڑی دار طبقہ شدید متاثر ہوا، رہنماتاجر معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہیں، سوتیلی ماں جیسا رویہ افسوسناک ہے ، خطاب

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)تاجران چھوٹکی گھٹی اور انجمن تاجران الرحیم شاپنگ سینٹر کے متاثرہ دکانداروں نے چھوٹکی گھٹی چوک پر احتجاجی کیمپ لگایا۔ کیمپ کے شرکاء سے تاجران چھوٹکی گھٹی کے جنرل سیکریٹری ریحان شیخ نے خطاب میں کہا دکانوں کی بندش سے جہاں تاجربرادری شدید متاثر ہوئی ہے وہاں مزدور دہاڑی دار طبقہ کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک جاپہنچی ہے ۔ نائب صدر نواب الدین بھٹی نے کہا تاجربرادری کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا رویہ اختیار کیا جارہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے ، تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتا ہے سندھ حکومت مسئلہ فوری حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔ حیدرآباد بزنس فورم کے چیئرمین معروف تاجر رہنما الحاج محسن میمن نے کہا حیدرآباد سمیت سندھ کے 16 ڈسٹرکٹ کی تاجر برادری گزشتہ 20 روز سے عذاب میں مبتلا ہے۔

اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ انجمن تاجران الرحیم شاپنگ سینٹر کے صدر راشد خان نے کہا پیپلز پارٹی کا ہمیشہ سے روٹی کپڑا مکان کا نعرہ ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کا وقت آگیا ہے سندھ حکومت ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے تاجروں کا مسئلہ حل کرسکتی ہے ۔ تاجر زکریا میمن نے کہا حیدرآباد کی تاجر برادری سالانہ 110 ارب روپے ٹیکس کی مد میں حکومت کو ادا کرتی ہے اس کے پاوجود تاجر برادری مسائل سے دو چار ہے ایسا لگتا ہے حکومت کسی سانحہ کا انتظار کررہی ہے ، تاجروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جارہا ہے ہمیں سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...