میرپور خاص:سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بلدیہ کے 4 منصوبے شامل
3پارکوں کی بحالی، آرسی سی نالیوں کی تعمیر، پانی فراہمی وتقسیم کانظام شامل ہیںمجموعی لاگت 3ارب روپے تک آئے گی، رواں مالی سال 75 کروڑ روپے مختص
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)صوبائی حکومت کے مالی سال 27-2026کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں میونسپل کارپوریشن میرپورخاص کیلئے چار بڑے ترقیاتی منصوبے شامل کیے گئے ہیں جن کی مجموعی لاگت تقریباً 3 ارب روپے ہے ، جبکہ رواں مالی سال کے دوران ان منصوبوں کیلئے تقریباً 75 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ پہلا منصوبہ قائداعظم پارک، آصفہ بھٹو پارک اور بینظیر پارک کی بحالی سے متعلق ہے ، جس پر 13 کروڑ 87 لاکھ روپے لاگت آئیگی، دوسرا اور سب سے بڑا منصوبہ مختلف چوڑائی کی آر سی سی نالیوں کی تعمیر اور بحالی کا ہے جس کی مجموعی لاگت ایک ارب 72 کروڑ 51 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے ، تیسرا منصوبہ شہر کے موجودہ پانی کی فراہمی اور تقسیم کے نظام کی بہتری اور بحالی پر مشتمل ہے۔
اس منصوبے کی کل لاگت 35 کروڑ 74 لاکھ روپے ہے ، چوتھا منصوبہ میونسپل کارپوریشن کی 22 یونین کونسلوں میں اندرونی سڑکوں، گلیوں، پیور بلاکس اور سیوریج لائنوں کی تعمیر و بحالی کا ہے جس پر 77 کروڑ 94 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ ذرائع کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کے پہلے مرحلے میں ضروری قانونی اور فنی کارروائیاں مکمل کی جائیں گی، جس کے بعد ٹینڈر جاری کرکے متعلقہ ٹھیکیداروں کو کام سونپا جائے گا۔ میرپورخاص کے شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ منصوبے بروقت مکمل ہونے سے شہر میں پارکوں، نکاسی آب، فراہمی آب، سڑکوں اور گلیوں کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments