الٰہ دین پارک کی زمین کو جدید اربن فاریسٹ بنانے کا آغاز
منصوبے کے تحت وسیع پیمانے پر درخت اور پودے لگائے جا رہے ہیں،کرم وقاصیکے ایم سی مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کر رہی ہے ،ترجمان میئر
کراچی (این این آئی)میئر کراچی کے ترجمان اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا ہے کہ کراچی کو ایک سرسبز، ماحول دوست اور جدید شہری مرکز بنانے کے وژن کے تحت کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کر رہی ہے ۔ ان منصوبوں کا مقصد نہ صرف شہر کے ماحول کو بہتر بنانا ہے بلکہ شہریوں کو معیاری تفریحی، سماجی اور کمیونٹی سہولیات بھی فراہم کرنا ہے ۔ترجمان میئر کراچی و پارلیمانی لیڈر کے ایم سی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ اسی سلسلے میں راشد منہاس روڈ پر واقع الٰہ دین پارک کی زمین کو ایک جدید اربن فاریسٹ میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر عملی کام کا آغاز ہو چکا ہے ۔ اس منصوبے کے تحت وسیع پیمانے پر درخت اور پودے لگائے جا رہے ہیں۔
جبکہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی تقریباً 50 ایکڑ اراضی کو شجرکاری، ماحولیاتی تحفظ اور ماحول دوست سرگرمیوں کے لیے مختص کیا گیا ہے ۔اربن فاریسٹ منصوبہ شہر میں بڑھتی ہوئی آلودگی، موسمیاتی تبدیلیوں اور درجہ حرارت میں اضافے جیسے چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ منصوبہ شہریوں، بالخصوص نوجوانوں اور بچوں کو فطرت سے قریب لانے ، صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے اور تفریح کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ مستقبل میں یہاں واکنگ ٹریکس، قدرتی سبزہ زار، تعلیمی و آگاہی پروگرامز اور ماحول دوست سرگرمیوں کے لیے بھی مناسب سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ یہ مقام کراچی کے نمایاں گرین اسپیسز میں شامل ہو سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments