تاجر 38 لاکھ روپے کے سامان اور نقدی سے محروم
کورنگی کراسنگ پر پولیس وردیوں میں ملبوس 5مسلح ملزمان کی وارداتواردات کے مقام سے کچھ فاصلے پر پولیس موبائل موجود تھی،متاثرہ تاجر
کراچی(این این آئی)کورنگی کراسنگ کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار 5 مسلح ملزمان نے موبائل فون کے تاجر سے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون، نقدی اور زیر استعمال موبائل فون چھین لیے اور فرار ہوگئے ۔ واردات کے حوالے سے کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد منہاج گلفام کا ویڈیو بیان بھی سامنے آگیا۔تفصیلات کے مطابق موبائل فون تاجر عمیر خان صدر اسٹار سٹی مال سے اپنی کورنگی میں قائم دکان کے لیے موبائل فونز کا اسٹاک لے کر جارہے تھے کہ کورنگی کراسنگ کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار 5 مسلح ملزمان نے انہیں روک لیا۔
محمد منہاج گلفام کے مطابق ملزمان پولیس کی وردیوں میں ملبوس تھے اور اسلحے کے زور پر تاجر سے تقریباً 28 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فون، 10 لاکھ روپے نقدی اور ان کے زیر استعمال موبائل فون بھی چھین کر فرار ہوگئے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ واردات کے مقام سے کچھ فاصلے پر پولیس کی موبائل بھی موجود تھی، تاہم واقعے کی اطلاع دینے پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے 15 پر کال کرنے کا کہا گیا۔ واقعے کے بعد تاجر برادری میں تشویش پائی جاتی ہے ۔صدر کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کراچی پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واردات میں ملوث ملزمان کا فوری سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا جائے اور لوٹا گیا موبائل فونز کا اسٹاک، نقدی اور دیگر سامان برآمد کرایا جائے ۔پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات اور ملزمان کی شناخت کے لیے کارروائی شروع کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments