سانگھڑ:اسسٹنٹ کمشنر کااجلاس، جشن میلاد کے انتظامات سے متعلق غور
سکیورٹی، صفائی، ٹریفک، جلوسوں ومحافل کے انتظامات، دیگر ضروری امور کا جائزہ لیاسانگھڑ وگردونواح میں چراغاں کرنے ، شہر میں مختلف چوک سجانے کے عزم کا اعادہ کیا
سانگھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)اسسٹنٹ کمشنر سانگھڑ شفیق احمد آریسر کی زیر صدارت تعلقہ سانگھڑ میں جشن میلاد النبی ﷺ کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں جشن میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سکیورٹی، صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ، جلوسوں اور محافل کے انتظامات سمیت دیگر ضروری امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے سانگھڑ اور گردونواح میں چراغاں کرنے اور سانگھڑ شہر میں مختلف چوک سجانے کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے میونسپل اور تمام ٹاؤن کمیٹی کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی، روشنی اور سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جشن میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام کا اہم موقع ہے اس لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مکمل تعاون کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تاکہ شہری پرامن اور خوشگوار ماحول میں جشنِ میلاد النبی ﷺ منا سکیں۔ اجلاس میں چیئرمین میونسپل کمیٹی راشد اسلام مغل، فیڈریشن آف کامرس کے صدر حاجی ملک شیر محمد، نائب صدر حاجی یامین المعروف حاجی لالو قریشی، ڈی ایس پی مختار میمن، سعید بروہی چیف میونسپل آفیسر سمیت دعوت اسلامی کے منتظمین اور دیگر علماء کرام بھی موجود تھے ، جنہوں نے اپنے اپنے مسائل پیش کئے اور اسسٹنٹ کمشنر شفیق احمد آریسر نے تمام مسائل کے حل اور مل کر جشن میلاد النبی ﷺ منانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments