معاشی ترقی کیلئے تعمیراتی شعبے کا فروغ ناگزیر ، چیئرمین آباد
سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول اور کاروباری طبقے کو تحفظ دینا ہوگاپالیسیوں کا تسلسل، سیاسی استحکام اور قانون کی بالادستی ضروری، حسن بخشی
کراچی(بزنس رپورٹر)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد)کے چیئرمین محمد حسن بخشی نے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے جس کی حفاظت اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا راستہ مضبوط صنعت، کاروبار اور بالخصوص تعمیراتی شعبے کے فروغ سے جڑا ہوا ہے ۔ تعمیراتی شعبہ ملکی معیشت کی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور لاکھوں خاندانوں کے معاشی استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔چیئرمین آباد نے کہا کہ ہمیں ایسا پاکستان بنانا ہے جہاں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہو اور کاروباری طبقے کو مکمل تحفظ حاصل ہو۔
ملک میں معاشی استحکام کے لیے نجی شعبے اور حکومت کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا تاکہ ترقی کا سفر تیز اور پائیدار بنایا جا سکے ۔حسن بخشی نے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل، سیاسی استحکام اور قانون کی بالادستی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور انہیں بہتر مستقبل فراہم کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ آباد ملک کی تعمیر و ترقی اور معاشی استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments