بلدیاتی اداروں میں اوزیڈ ٹی گرانٹ کے غلط استعمال کا نوٹس
اسٹیٹ بینک، محکمہ خزانہ اور لوکل فنڈ آڈٹ نے حساب طلب کرلئے ، ذوالفقار شاہ ملازمین برسوں سے تنخواہ میں اضافے سے محروم، دلوانے کی کوشش کررہے ، گفتگو
کراچی(این این آئی)آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے اعلیٰ سطح رابطوں کے بعد سندھ کے بلدیاتی اداروں میں او زیڈ ٹی گرانٹ کے مبینہ غلط استعمال کا اسٹیٹ بینک، محکمہ خزانہ اور لوکل فنڈ آڈٹ نے نوٹس لے لیا ہے ۔آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے مرکزی چیئرمین و صدر سندھ سید ذوالفقار شاہ نے لاڑکانہ میونسپل کارپوریشن محنت کش لیبر یونین سی بی اے کے صدر اور فیڈریشن کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری قلندر بخش شاہانی سے ملاقات کے دوران کہا کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے خطوط جاری کرکے بلدیاتی اداروں کے حسابات طلب کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے بیشتر بلدیاتی ملازمین برسوں سے تنخواہ وپنشن میں ہونیوالے اضافے سمیت دیگر واجبات کی سے محروم ہیں جس پر فیڈریشن نے اعلیٰ سطح پررابطے شروع کیے ہیں۔سید ذوالفقار شاہ نے کہاکہ بلدیاتی ملازمین کوانکے حقوق اور مراعات دلوانا فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے اورکسی صورت انکے جائز حقوق سے دستبردار نہیں ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ اوزیڈ ٹی گرانٹ صرف تنخواہوں، پنشن اورواجبات کی ادائیگی کیلئے استعمال ہونی چاہیے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ گرانٹ کو دیگر مقاصد کیلئے استعمال کرنیوالے عوامی نمائندوں اور افسران اپنی روش سے باز آجائیں، بصورت دیگر ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments