176سال پرانی پولیس چوکی لائبریری میں تبدیل
کھارادر کی تاریخی عمارت میں بچوں اور شہریوں کو مطالعے کی سہولت میسر لائبریری کے ساتھ سبزہ اور عوامی بیٹھک بھی قائم کی گئی ،ڈاکٹریاسمین لاشاری
کراچی(این این آئی)کراچی کے تاریخی علاقے کھارادر میں نوآبادیاتی دور کی تقریباً 176 سال پرانی پولیس چوکی کو بحال کرکے عوامی لائبریری میں تبدیل کردیا گیا۔ تاریخی اہمیت کی حامل اس عمارت کو تجاوزات، کچرے اور غیر ضروری تعمیرات سے پاک کرکے اصل طرزِ تعمیر کے مطابق بحال کیا گیا ہے ، جبکہ لائبریری مقامی کمیونٹی کے حوالے کردی گئی ہے ۔1926 کے برطانوی دور کے نقشوں میں بھی اس پولیس چوکی کا تذکرہ ملتا ہے، جبکہ بحالی کے دوران 1871 کی تاریخ والی مٹی کی ایک ٹائل بھی دریافت ہوئی،منصوبے کے دوران اضافی دیواریں، سیمنٹ کی تہیں اور پلاسٹر ہٹا کر عمارت کو اس کے تاریخی اور اصل خدوخال کے مطابق بحال کیا گیا۔
منصوبے کی نگران معروف معمار ڈاکٹر یاسمین لاری نے بتایا کہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد تاریخی پولیس چوکی کو لائبریری میں تبدیل کرکے مقامی کمیونٹی کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ محض ایک قدیم عمارت کی بحالی نہیں بلکہ کراچی کے تاریخی ورثے کو محفوظ رکھنے کی عملی کوشش ہے ۔انہوں نے کہا کہ لائبریری کے ساتھ سبزہ، درخت اور عوامی بیٹھک بھی قائم کی گئی ہے تاکہ یہ جگہ صرف کتابیں پڑھنے تک محدود نہ رہے بلکہ مقامی آبادی کے لیے ایک فعال اور پْرسکون سماجی مرکز بھی بن سکے ۔ڈاکٹر یاسمین لاشاری کے مطابق لائبریری صبح سے رات تک کھلی رہتی ہے اور اتوار اور عید کے دن بھی شہریوں کو مطالعے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments