موسم کی تبدیلی سے امراض پھیلنے لگے ،اسپتالوں میں رش
تیز بخار اور دیگر شکایات کے ساتھ آنے والے معمول سے زیادہ رپورٹ گندگی کے ڈھیر اور نکاسی آب کا ناقص نظام مسائل میں اضافے کا سبب قرار
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں موسم کی تبدیلی کے اثرات کے باعث شہر کے مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں نزلہ، زکام، کھانسی، بخار اور ڈائریا کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔سول اسپتال، جناح اسپتال سمیت شہر کے متعدد سرکاری و نجی اسپتالوں کی او پی ڈیز میں تیز بخار اور دیگر شکایات کے ساتھ آنے والے مریضوں کی تعداد معمول سے زیادہ رپورٹ کی جا رہی ہے ۔سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خادم بخاری نے بتایا کہ اسپتال کی ایمرجنسی اور او پی ڈی میں مختلف بیماریوں کی شکایات کے ساتھ رپورٹ ہونے والے مریضوں کی تعداد معمول سے کہیں زیادہ ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے ابتدائی دنوں میں نزلہ، زکام، کھانسی، بخار اور معدے کے امراض میں اضافہ عام ہے ، اس کے علاوہ شہر میں گندگی کے ڈھیر اور نکاسی آب کا ناقص نظام بھی صحت کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہا ہے ۔سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راشد سراج خانزادہ نے کہا کہ ایک موسم سے دوسرے موسم میں منتقلی کے دوران اس نوعیت کی بیماریوں میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے ۔ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پینے کا پانی لازمی ابال کر استعمال کیا جائے، صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور بیماری کی صورت میں بروقت ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے ۔ماہرین کے مطابق موسم کی تبدیلی کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے مختلف بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments