میرپور خاص:سویرا قتل کیس، فیضان کے ورثا کی درخواست منظور
پولیس کوفیضان کے ورثاء کاکراس ورژن ریکارڈ کرکے اس پر بھی تفتیش کی ہدایتتفتیشی افسر کی تبدیلی پرمقتولہ کے ورثا اعلیٰ پولیس افسران سے رجوع کریں، عدالت
میرپورخاص(بیورو رپورٹ)سویرا لغاری قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے فیضان غوری کے بھائی عرفان غوری کی دائر 22-اے بی درخواست پر فرسٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے پولیس کوفیضان کے ورثاء کا کراس ورژن ریکارڈ کرکے اس پر بھی تفتیش کرنے کی ہدایت کردی جبکہ مقتولہ کے ورثاء کی جانب سے تفتیشی افسر تبدیل کرنے کی درخواست پر عدالت نے انہیں پہلے متعلقہ اعلیٰ پولیس افسران سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے ، درخواست گزار عرفان غوری کے وکیل ایڈووکیٹ کامران بھٹی نے بتایا کہ سویرا لغاری کیس میں ایک ہی واقعے کی ایف آئی آر پہلے ہی درج ہوچکی ہے تاہم ان کے مؤکل کا مؤقف شروع سے یہ رہا ہے کہ فیضان غوری کا قتل ہوا اور معاملہ مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کا ہے ، وکیل کے مطابق فیضان اور سویرا کے نکاح سے متعلق دستاویز بھی پولیس کو ملی تھی، جبکہ تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج اور سی ڈی آر سمیت دیگر شواہد سامنے آئے جن کی بنیاد پر فیضان کے تین بھائیوں کو پولیس نے دفعہ 169 کے تحت مقدمے سے ڈسچارج کیا۔ دوسری جانب سویرا کے ورثاء کے وکیل ایڈوکیٹ مظفر لغاری اور ایڈووکیٹ عطاء محمد نے مؤقف اختیار کیا اصل قتل کیس کی تفتیش میں پہلے ہی سے تاخیر ہورہی ہے اورتفتیشی افسر کیخلاف منصفانہ تفتیش نہ کرنے کے تحفظات سے عدالت کو آگاہ کیا تھا انکے مطابق چالان پیش کرنے کیلئے مزید مہلت طلب کی گئی، جس پر عدالت نے مقدمے کی آئندہ سماعت 31 اگست مقرر کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments