ضلع ملیر میں میمن گوٹھ روڈ بحالی منصوبے کا افتتاح
35ہزار 437مربع میٹر رقبے پر اسفالٹک وئیرنگ کورس بچھایا گیا ٹریفک کی رہنمائی کے لیے 150ملی میٹر چوڑی پیلی اور سفید لین مارکنگ
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع ملیر میں 23 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد لاگت سے مکمل ہونے والے میمن گوٹھ روڈ بحالی منصوبے کا افتتاح کردیا۔ منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے بتایا کہ میمن گوٹھ روڈ بحالی منصوبے کی مجموعی لمبائی 8529 رننگ میٹر ہے اور سڑک کے دونوں طرف بحالی و تعمیراتی کام بھی کیے گئے ہیں، منصوبے کے تحت سڑک کی چوڑائی میں اوسطاً 2 میٹر تک توسیع کی گئی جبکہ دونوں طرف اوسطاً 1.2 میٹر چوڑے شولڈرز بھی تعمیر کیے ہیں، منصوبے کے تحت 35 ہزار 437 مربع میٹر رقبے پر اسفالٹک وئیرنگ کورس بچھایا گیا جبکہ 3 ہزار مربع میٹر رقبے پر 80 ملی میٹر موٹے پیورز اور شولڈرز پر 17 ہزار مربع میٹر رقبے میں 60 ملی میٹر موٹے پیورز لگائے گئے ، ٹریفک کی روانی اور رہنمائی کے لیے 150 ملی میٹر چوڑی پیلی اور سفید لین مارکنگ کی گئی جبکہ ضرورت کے مطابق کیٹ آئیز بھی نصب کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر سے قبل ٹریفک، سیوریج اور بیس کے تمام ضروری کام مکمل کئے گئے ہیں، مکران روڈ پر بعض سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ دیگر سڑکوں کے لئے ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments