امریکی قونصل خانہ میں روڈ ٹو لبرٹی نمائش کا افتتاح
نمائش کا مقصد امریکہ کے قیام، آزادی کے 250سالہ سفرسے روشناس کرانا امریکہ کی بنیاد آزادی اور فطری حقوق کے اصولوں پر قائم ،قونصل جنرل کا خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امریکی قونصل خانہ نے لنکن کارنر میں’’روڈ ٹو لبرٹی‘‘ (شاہراہِ آزادی) کے عنوان سے جدید، تعلیمی اور معلوماتی ڈیجیٹل و متحرک نمائش کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ نمائش کا مقصد پاکستانی نوجوانوں، طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو امریکہ کے قیام، آزادی کے 250 سالہ سفر، تاریخی شخصیات اور بنیادی اقدار سے روشناس کرانا ہے ۔یہ نمائش ‘‘فاؤنڈرز میوزیم’’ (بانیان کا عجائب گھر) پر مبنی ہے ، جو وائٹ ہاؤس کا ایک خصوصی منصوبہ ہے اور امریکہ کے قیام اور آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے منعقد کیا جارہا ہے ۔ نمائش کے ذریعے امریکی تاریخ کی اہم شخصیات اور ان سے وابستہ بنیادی اصولوں، بالخصوص زندگی، آزادی اور حصولِ مسرت کے تصورات کو اجاگر کیا گیا ہے ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل چارلس گڈمن نے کہا کہ امریکہ کی بنیاد آزادی اور فطری حقوق کے اصولوں پر قائم ہے اور یہ عالمگیر اصول 250 سال گزرنے کے باوجود امریکی قوم کی رہنمائی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی ورثے اور بنیادی اقدار سے نئی نسل کو روشناس کرانا اس نوعیت کی سرگرمیوں کا اہم مقصد ہے ۔افتتاحی تقریب میں شریک افراد نے کیو آر کوڈز کے ذریعے اپنے اسمارٹ فونز پر نمائش سے متعلق تفصیلی اور تعلیمی مواد کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر ایجوکیشن یو ایس اے کے ماہرین نے ان ممتاز امریکی جامعات کی مجازی سیر بھی کرائی جن کے نام امریکہ کے بانیان سے منسوب ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments