مسروقہ گاڑیوں کی خریدو فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت
بلاامتیاز ایکشن، سیف سٹی، ہائی وے پٹرول اور اے وی ایل سی میں موثر رابطہ کاری کا نظام مزید بہتر بنایا جائے ،جاوید عالم اوڈھو اجلاس کے دوران ایس ایس پی اے وی ایل سی کی آئی جی سندھ کو شعبے کی مجموعی کارکردگی، مختلف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ
کراچی (این این آئی)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں سندھ پولیس کے شعبہ اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کی مجموعی کارکردگی اور اقدامات سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پولیس کے مختلف شعبوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز کراچی اور آپریشنز، ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ اور ہائی وے پیٹرول یونٹ، ایس ایس پی اے وی ایل سی، اے آئی جیز آپریشنز و ایڈمن، پروجیکٹ ڈائریکٹر آئی ٹی سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے ۔اجلاس کے دوران ایس ایس پی اے وی ایل سی نے آئی جی سندھ کو شعبے کی مجموعی کارکردگی، مختلف اقدامات، چوری شدہ اور چھینی گئی گاڑیوں کی برآمدگی اور جرائم کے تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ہدایت کی کہ چوری شدہ گاڑیوں کے پرزہ جات اور دیگر سامان کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی چوری میں ملوث منظم گروہوں، ان کے سہولت کاروں اور چوری شدہ گاڑیوں کی خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کے جرائم کے خاتمے کے لیے متعلقہ پولیس شعبوں کے درمیان رابطہ کاری مزید مؤثر بنائی جائے اور کارروائیوں کے نتائج کی مسلسل نگرانی کی جائے ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس کے ہائی وے پیٹرول یونٹ، سیف سٹی منصوبے اور اے وی ایل سی کے درمیان باہمی روابط اور کوآرڈی نیشن کو مزید مضبوط کیا جائے تاکہ جدید ٹیکنالوجی اور دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے چوری و چھینی گئی گاڑیوں کی بروقت برآمدگی یقینی بنائی جاسکے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ سیف سٹی کے جدید نگرانی کے نظام اور اے وی ایل سی کی استعدادکار کو باہم مربوط کرکے گاڑیوں کے جرائم کی روک تھام اور برآمدگی کے اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ اے وی ایل سی میں گاڑیوں کی چوری سے متعلق مقدمات کی تفتیش میں معیار، رفتار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ چوری شدہ گاڑیوں کی بروقت برآمدگی کے لیے پولیس کے مختلف شعبوں کے درمیان معلومات کے تبادلے کا مؤثر نظام تشکیل دیا جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بروقت کارروائی ممکن ہوسکے ۔آئی جی سندھ نے اے وی ایل سی کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لیے ضلعی سطح سے مرکزی سطح تک مؤثر مانیٹرنگ اور فالو اَپ کا نظام وضع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments