اسکول طلبا کی ڈیجیٹل حاضری ،والدین کو ایس ایم ایس الرٹس ملیں گے

اسکول  طلبا  کی  ڈیجیٹل  حاضری ،والدین  کو  ایس  ایم  ایس  الرٹس  ملیں  گے

محکمہ تعلیم نے ڈیجیٹل اصلاحات کے تحت ڈیجیٹل حاضری اور مانیٹرنگ کا دائرہ 3ہزار 481سرکاری اسکولوں تک بڑھا دیا ڈیجیٹل نظام میں منفرد اسٹوڈنٹ آئی ڈی اور کیو آر کوڈ شامل ہوگا ،مسلسل حاضری وغیر حاضری کی نگرانی کی جائے گی

کراچی (آئی این پی)سندھ کے طلبہ کی ڈیجیٹل حاضری کا دائرہ 3 ہزار 481 اسکولوں تک وسیع کردیا گیا ، غیر حاضری کی صورت میں والدین کو ایس ایم ایس کے ذریعے الرٹس بھی بھیجے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے تعلیمی نظام میں ڈیجیٹل اصلاحات کے تحت طلبہ کی ڈیجیٹل حاضری اور مانیٹرنگ کا دائرہ 3 ہزار 481 سرکاری اسکولوں تک بڑھا دیا ہے ۔وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ کی ہدایت پر شروع کیے گئے نظام کے تحت ہر طالب علم کا ڈیجیٹل تعلیمی پروفائل تشکیل دیا جائے گا، جس میں حاضری، تعلیمی کارکردگی اور امتحانات کا ریکارڈ محفوظ ہوگا۔محکمہ تعلیم نے بتایا کہ 10 اگست تک 3 ہزار 481 سرکاری اسکول نئے ڈیجیٹل نظام کا حصہ بن چکے ہیں، جبکہ اپریل 2027 تک سندھ کے تمام سرکاری اسکولوں کو ڈیجیٹل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔

سندھ کابینہ نے اس حوالے سے پالیسی کی منظوری مارچ 2026 میں دی تھی، نئے نظام کے ذریعے طلبہ کی روزانہ حاضری اور مسلسل غیر حاضری کی نگرانی کی جائے گی، جبکہ اسکول چھوڑنے کے خطرے سے دوچار طلبہ کی بروقت نشاندہی بھی ممکن ہوگی۔ڈیجیٹل نظام میں ہر طالب علم کے لیے منفرد اسٹوڈنٹ آئی ڈی اور کیو آر کوڈ شامل ہوگا اور مسلسل غیر حاضری کی صورت میں والدین کو ایس ایم ایس کے ذریعے الرٹس بھی بھیجے جائیں گے تاکہ غیر حاضری کی وجوہات جاننے اور طلبہ کو تعلیم سے جوڑے رکھنے میں مدد مل سکے ۔محکمہ تعلیم کے مطابق نئے نظام کے ذریعے سرٹیفکیٹس کے اجرا اور طلبہ کی تعلیمی رپورٹس کی تیاری بھی ممکن ہوگی جبکہ کمزور انٹرنیٹ والے علاقوں کے لیے آف لائن حاضری کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔سسٹم میں جیو فینسڈ حاضری اور فیشل ریکگنیشن جیسی جدید سہولیات بھی متعارف کرائی گئی ہیں، جبکہ اسے اہم تعلیمی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے ۔ محکمہ تعلیم کے مطابق مستقبل میں اس نظام کو نادرا اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بھی منسلک کیا جائے گا، جس سے طلبہ کا تعلیمی ریکارڈ مزید مربوط اور مؤثر انداز میں منظم کیا جاسکے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...