ڈاکو راج برقرار،گلشن اقبال میں مسلح افراد نے نوجوان طالبعلم کو گھر کی دہلیز پر لوٹ لیا
کزن کے گھر میں داخل ہونے ہی والا تھا کہ اچانک موٹرسائیکل سوار ملزمان موٹرسائیکل، قیمتی گھڑی اور والٹ لے کر فرار ہو گئے ،متاثرہ شہری،مقدمہ درج،پولیس نے تفتیش شروع کردی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں ایک اور نوجوان لٹ گیا، موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے جامعہ کراچی کے طالبعلم سے موٹرسائیکل اور قیمتی اشیا چھین لیں۔واردات گلشن اقبال کے علاقے 13 ڈی میں پیش آئی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے ۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار ملزمان نے نوجوان کو گھر کے باہر لوٹ لیا۔متاثرہ نوجوان محمد صدیق نے بتایا کہ وہ اپنے کزن کے گھر میں داخل ہونے ہی والا تھا کہ اچانک موٹرسائیکل سوار ملزمان اس کے پاس آئے اور اسلحے کے زور پر موٹرسائیکل، قیمتی گھڑی اور والٹ لے کر فرار ہو گئے ۔نوجوان نے واقعے کا مقدمہ گلشن اقبال تھانے میں درج کروا دیا ہے اور پولیس نے واردات کی تفتیش شروع کر دی ہے ۔نوجوان محمد صدیق کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے جس میں ملزمان کے چہرے واضح نظر آرہے ہیں جس سے ان کی شناخت کرکے تلاش کی جاسکتی ہے لہذا پولیس ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کر لیے کارروائی کرے ۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ڈیفنس کے علاقے میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہری سے مسلح ملزمان 40 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے تھے ۔ واقعہ کا مقدمہ ڈیفنس تھانے میں درج کیاگیا تھا۔متاثرہ شہری افنان اشرف کے مطابق وہ بینک سے 40 لاکھ روپے لے کر دوست کے ہمراہ نکلا اور اپنے دفتر کے باہر پہنچا تو دو موٹرسائیکلوں پر سوار تین مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر 40 لاکھ روپے چھینے اور موقع سے فرار ہو گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments