ناظم آباد میں نجی اسپتال سے نومولود لاپتہ،اہلخانہ کااحتجاج
آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچے کی پیدائش نہیں ہوئی،راشداقبال کاالزام جس خاتون کا میڈیکل کارڈ تھا اسکی جگہ کوئی اور خاتون آئی،اسپتال انتظامیہ کاموقف
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ناظم آباد میں واقع نجی اسپتال سے نومولود کے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ واقعے پر اہلخانہ نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا جبکہ اسپتال انتظامیہ نے تمام الزامات مسترد کر دیے ۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔اورنگی ٹاؤن کے رہائشی راشد اقبال کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ گزشتہ سات ماہ سے مذکورہ اسپتال سے چیک اپ کروا رہی تھی۔ گزشتہ روز طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹر انجم آراء نے آپریشن کیا۔ آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچے کی پیدائش نہیں ہوئی۔ تسلی بخش جواب نہ ملنے پر اہلخانہ نے اسپتال میں احتجاج کیا اور مبینہ طور پر توڑ پھوڑ بھی کی۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد اسپتال کا عملہ موقع سے غائب ہو گیا تھا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی تحقیقات شروع کیں اور متاثرہ خاتون کو میڈیکل لیٹر دے کر عباسی شہید اسپتال روانہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق میڈیکو لیگل افسر سے تین اہم سوالات کے جوابات طلب کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب نجی اسپتال کے ترجمان منصور معطر نے الزامات مسترد کر تے ہوئے موقف اختیار کیا کہ جس خاتون کا میڈیکل کارڈ بنا تھا وہ اسپتال آئی ہی نہیں، اس کی جگہ دوسری خاتون اسپتال آئی تھی۔مزید برآں پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق اور لیڈی ایم ایل او نے خاتون زوبیہ کا سروسز اسپتال میں میڈیکل معائنہ مکمل کر لیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments