پولیس شہداء کی یاد میں خصوصی شجرکاری مہم کا آغاز

پولیس شہداء کی یاد میں خصوصی شجرکاری مہم کا آغاز

شہداء کے نام سے لگائے گئے درخت لازوال یاد کی علامت بنیں گےہمیں اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے ، ایڈیشنل آئی جی کراچی

کراچی (این این آئی) آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے پودا لگا کر سندھ پولیس کے 2,628 شہداء کی یاد میں خصوصی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا۔خصوصی شجرکاری مہم کا انعقاد کمیونٹی پولیسنگ کراچی کی جانب سے روٹری کلب اور محکمہ جنگلات سندھ کے تعاون سے شاہراہ بھٹو (ملیر ایکسپریس وے ) پر کیا گیا۔اس خصوصی شجرکاری مہم کے دوران سندھ پولیس کے مجموعی طور پر 2,628 شہداء کی یاد میں مرحلہ وار 2,628 درخت شاہراہ بھٹو (ملیر ایکسپریس وے ) پر لگائے جائیں گے ۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی آزادخان، ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹرفرخ لنجار، کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے بانی مراد سوہنی، ایس ایس پی کورنگی فداجانوری، ڈی ایف او زیشان اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔کمیونٹی پولیسنگ کے بانی وسربراہ مراد سوہنی نے کہا کہ سندھ پولیس کے شہداء کی یاد سے شجرکاری مہم کا آغاز، صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ایک منفرد طریقہ ہے ۔اس مہم کے تحت ایک سال کے دوران پورے کراچی میں 35 ہزار درخت لگائے جائیں گے ۔ ایڈیشنل آئی جی آزاد خان نے کہا کہ سندھ پولیس کو ملک میں سب سے زیادہ شہادتیں پیش کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے اور ہمیں اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے ۔سندھ پولیس اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان کے نام سے لگائے جانے والے یہ درخت ان کی لازوال یاد کی علامت بنیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...