تعلیمی بورڈز میں نئے رولز نافذ کرنے کا فیصلہ

تعلیمی  بورڈز  میں  نئے   رولز  نافذ  کرنے   کا  فیصلہ

رولز کا باقاعدہ نوٹیفکیشن سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا، ای مارکنگ، او ایم آر بیسڈ امتحانی نظام اور ڈیجیٹلائزیشن کیلئے آئی ٹی ماہرین کی بھرتیوں کی منظوری وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو کی زیر صدارت اجلاس ، تمام بورڈ چیئرمینز کو تعلیمی بورڈز میں فائر سیفٹی کے مؤثر اقدامات کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت

کراچی (آئی این پی)وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو کی زیر صدارت صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بورڈز کی مجموعی کارکردگی، انتظامی اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن، امتحانی نظام اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکریٹری جامعات و بورڈز غلام عباس بلوچ، چیئرمینز تعلیمی بورڈز فقیر محمد لاکھو، مشرف علی، خالد حسین مہر، زاہد علی چنڑ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں سالانہ امتحانات 2026 کے بروقت اور شفاف انعقاد اور مقررہ مدت میں نتائج کے اعلان پر تمام چیئرمینز کو تحسینی اسناد دینے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی کابینہ کی جانب سے مئی 2026 میں منظور کیے گئے نئے ریکروٹمنٹ رولز 2026 تمام تعلیمی بورڈز میں نافذ کیے جائیں گے ، جبکہ ان رولز کا باقاعدہ نوٹیفکیشن سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا۔وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے لیے بھی الگ ریکروٹمنٹ رولز کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔اجلاس میں بورڈز میں ای مارکنگ، او ایم آر بیسڈ امتحانی نظام اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے آئی ٹی ماہرین کی فوری بھرتیوں کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔

محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ تمام تعلیمی بورڈز میں ڈائریکٹر آئی ٹی سمیت ویب سائٹ ڈیولپر، سینئر ڈیولپر، سسٹم و نیٹ ورک سکیورٹی ایڈمنسٹریٹرز اور دیگر ضروری تکنیکی ماہرین بھرتی کیے جائیں گے تاکہ بورڈز کے ڈیجیٹل اور امتحانی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے ۔وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز نے تمام چیئرمینز کو ہدایت کی کہ بورڈز کے ملازمین کی سینیارٹی لسٹیں فوری طور پر تیار کرکے حتمی منظوری کے لیے محکمہ جامعات و بورڈز کو ارسال کی جائیں۔اجلاس میں تمام تعلیمی بورڈز کے فارنزک آڈٹ کے معاملے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور قانونی و ضابطہ کار کے مطابق اس عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔محمد اسماعیل راہو نے تمام چیئرمینز کو ہدایت کی کہ تعلیمی بورڈز میں فائر سیفٹی کے مؤثر اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈز کی عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات کی دستیابی، ان کی فعالیت اور ایمرجنسی ایگزٹس کا بھی باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ اجلاس میں کیے گئے تمام فیصلوں پر مقررہ مدت کے اندر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تمام تعلیمی بورڈز محکمہ جامعات و بورڈز کے ساتھ مکمل ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے اصلاحاتی اقدامات کو آگے بڑھائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...